جہانگیرترین کی وطن واپسی کے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی،استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت سیاسی محاذ پر متحرک

news-details

لاہور: (پير: 03 جولائی 2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت سیاسی محاذ پر متحرک ہوگئی، جہانگیر خان ترین کی وطن واپسی کے بعد ملک بھر میں سیاسی رابطے تیز کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں 30 سے زائد سابق ارکان اسمبلی اور رہنما استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے، سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کے بڑے گروپ کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی۔

جہانگیر ترین، علیم خان آئندہ چند روز میں لاہور، اسلام آباد، کراچی میں اہم ملاقاتیں کریں گے، خیبرپختونخوا کی بڑی سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی دوبارہ رابطہ کیا ہے۔ رواں ہفتے استحکام پاکستان پارٹی سیاسی منظر نامے پر بڑے بریک تھرو کے لئے تیار ہے، رواں ہفتے پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے عمل کو بھی مکمل کر لیا جائے گا۔

پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے لئے تمام قانونی ضابطے اور دستاویز ات مکمل کر لیں گئیں، جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی جائے گی۔ استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے پارٹی ممبرسازی مہم کو بھی بڑے پیمانے پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ممبر سازی کے لئے بڑے کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا، مرکزی قیادت ممبرسازی مہم کی خود نگرانی کرے گی۔