شیخوپورہ میں زائرین کی بس کو حادثہ،6 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی

news-details

شیخوپورہ: (اتوار:10 ستمبر2023ء)شیخوپورہ میں تیز رفتار بس الٹ گئی۔ بس کے المناک حادثے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق پنجاب کے علاقے شیخوپورہ موٹروے پر خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب بس الٹ گئی، زائرین کی بس کو حادثہ تیز رفتاری، اوور لوڈنگ اور ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا جب کہ زائرین کی بس کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔

ترجمان کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے فوری ریسپانس کر کے زخمی ہونیوالے افراد کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد اسپتال شفٹ کر دیا، زخمی زائرین کو فوری آر ایچ سی خانقاہ ڈوگراں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال صفدر آباد منتقل کر دیا گیا جب کہ تشویش ناک حالت والے زخمی زائرین کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال شیخوپورہ منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار مسافر مسیحی برادری کی تقریب میں شرکت کیلئے حافظ آباد سے مریم آباد جا رہے تھے، بس الٹنے کے باعث متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور اور اسسٹنٹ کمشنر صفدر آباد ایوشہ ظفر حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور اور اسسٹنٹ کمشنر صفدر آباد ایوشہ ظفر نے موقع پر خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد ریسکیو آپریشن کی کمانڈ کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور کا بس حادثہ میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہ کہ افسوس ناک حادثہ میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر دلی صدمہ ہوا ہے، جاں بحق ہونے والے زائرین کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پر کروانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔