ورلڈ کپ فائنل:بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف تیسری وکٹ گر گئی،18اوورز میں 107 رنز بنالیے

news-details

احمد آباد: (اتوار: 19 نومبر2023ء)  کرکٹ کی دنیا کا نیا بادشاہ کون بنے گا اس کا فیصلہ آج ہوگا، ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل ٹاکرے میں بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت نے 18اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان 107 رنز بنالیے۔بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے فائنل میچ میں بھارت کی ٹیم کی کمان روہت شرما کے ہاتھوں میں ہے جبکہ آسٹریلیا کو پیٹ کمنز لیڈ کر رہے ہیں۔

بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارت اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شبمن گل کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے، روہت شرما بھی 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شریاس ایر کریز پر آئے اور وہ بھی زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک، گلین میکسول اور کپتان پیٹ کمنز ایک، ایک وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔ دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا ٹوٹل دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم لگاتار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے ابتدائی 2 میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 13 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 8 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی، رواں ورلڈ کپ 2023ء کے لیگ مرحلے میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔