اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا پانچواں روز:حماس نے مزید 11 یرغمالیوں کو رہا کردیا

news-details

غزہ: (منگل: 28 نومبر2023ء) غزہ میں دو روزہ توسیع کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا آج پانچواں روز ہے جس میں حماس نے مزید 11 یرغمالیوں کو رہا کردیا۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق حماس نے آج جن 11 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا وہ اسرائیل کے علاوہ فرانس، جرمنی اور ارجنٹائن کی شہریت بھی رکھتے تھے۔

قبل ازیں 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے دوران حماس نے 69 اسرائیلی قیدیوں جبکہ اسرائیل نے 150 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا بعد ازاں مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی میں مزید 2 روز کا اضافہ کردیا گیا تھا۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل کی قابض فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رملہ میں جیل کے باہر اپنے پیاروں کی رہائی کے منتظر سیکڑوں فلسطینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔اسرائیلی فورسز کے تشدد سے متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ غزہ پر 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہدا میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔

عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس دو روز میں 20 یرغمالیوں جبکہ اسرائیل 60 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حماس اور اسرائیل کی جانب سے مزید دو دن کی عارضی جنگ بندی کا دورانیہ انتہائی کم قرار دے دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے حماس، اسرائیل جنگ بندی کے کم مدتی وقفے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کا وقفہ امن کی ایک جھلک تو ہو سکتی ہے لیکن یہ حل نہیں۔ انتونیو گوتریس نے غزہ میں بروقت امداد منتقلی کیلئے مزید راہداری کھولنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کیلئے انتہائی کم ہے۔