کرن اشفاق نے دوسری شادی کی تصدیق کردی:شوہرپی پی رہنما اور کرکٹر نکلے،تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

news-details

لاہور: (پير:  04 دسمبر2023ء)شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ و اداکارہ کرن اشفاق نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے دوسری شادی کی تصدیق کردی ہے۔ عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق کے دوسرے نکاح کی تقریب کا انعقاد لاہور میں کیا گیا جہاں اُن کے رشتے داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

کرن اشفاق کے دوسرے شوہر حمزہ علی چوہدری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی  (پی پی پی) سے ہے، وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر ہیں، اُن کے انسٹاگرام اکاوْنٹ کی جانب سے نظر دوڑائی جائے تو اُنہوں نے اپنے اکاوْنٹ پر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور شہلا رضا سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ لی گئی تصاویر پوسٹ کی ہوئی ہیں۔

کرن اشفاق کی دوسری شادی کی خبر سب سے پہلے انسٹاگرام کے معروف بلاگر پیج عرفانستان کی جانب سے دی گئی تھی لیکن اب اداکارہ نے خود بھی اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔ اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنے نکاح کی دلکش تصاویر پوسٹ کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرن اور اُن کے شوہر حمزہ نے نکاح کے لیے سفید رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔

کرن اشفاق نے اپنی مہندی کی تقریب کی تصویر بھی انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے گلابی کا خوبصورت لباس زیب تن کیا جبکہ اُن کے دولہا میاں سیاہ قمیض شلوار میں نظر آئے۔ تصویر میں اس جوڑی کے ہاتھوں اور چہروں پر ہلدی لگی ہوئی ہے جبکہ دونوں کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کرن اشفاق کے نکاح کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں اُن کے ہمراہ اُن کے والد بھی موجود ہیں جبکہ نکاح کے وقت کرن آبدیدہ ہورہی ہیں۔

دوسری جانب کرن اشفاق کی دوسری شادی کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے اُنہیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کے مشہور اداکار عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اِن دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام روہم ہے۔ سال 2022، اکتوبر میں عمران اشرف اور کرن اشفاق نے باضابطہ طور پر اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔