ذوالفقار بھٹو کی پھانسی عدالتی قتل قرار دینے کا ریفرنس 11 برس کے طویل عرصے بعد سماعت کیلئے مقرر کرنےکا فیصلہ

news-details

اسلام آباد: (بدھ:  06 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کا ریفرنس آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر ہونے کا امکان ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت لارجر بنچ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں ہوگی۔  یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے2011ء میں صدر زرداری کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

اس وقت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی سربراہی میں 11 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جس نے 3 جنوری 2012 سے 12 نومبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں کیں لیکن کوئی فیصلہ نہ دیا۔ اب تقریباً 11 برس کے طویل عرصے بعد ریفرنس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہونے جا رہا ہے۔