جی ایچ کیو حملہ کیس:9 مئی واقعات سے تعلق نہیں، 8 سے 16 مئی تک یہاں نہیں تھا:شیخ رشید

news-details

راولپنڈی: (ہفتہ:  09 دسمبر2023ء)  جی ایچ کیو حملہ سمیت 10 مقدمات میں شیخ رشید کی عبوری  ضمانتوں میں توسیع ہو گئی۔  راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز نے شیخ رشید اورشیخ راشد شفیق کے خلاف 9 مئی کے مقدمات اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں شیخ رشید اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے شیخ رشید کے کیسز کا مکمل ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا جس پر سرکاری پراسیکیوٹر نے کہا کہ مزید موقع دیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ تاریخ تک تفتیش مکمل کرکے ریکارڈ پیش کریں۔

عدالت نے درخواست پر  دلائل سننے کے بعد  سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، ان کے بھتیجے شیخ راشد کی عبوری ضمانتوں میں 4 جنوری تک توسیع کردی۔ بعد ازاں عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان مقدمات سے میرا کوئی تعلق نہیں ۔ میں 9 مئی کو یہاں موجود نہیں تھا۔ مجھے میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ اداروں کا میں نے ہمیشہ احترام کیا ہے۔ زندہ رہا تو این اے 56 اور 57 سے قلم دوات پر الیکشن لڑوں گا۔