سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی رہائشگاہ پر پولیس کا چھاپہ، داماد اور نواسہ سمیت گھر کے ملازمین گرفتار

news-details

ملتان: (جمعرات:25 جنوری 2024ء)  پولیس نے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر داماد اور نواسے سمیت ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں ان کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کے دوران پولیس نے چھاپہ مار کر پی ٹی آئی امیدوار اور ان کے گھر کے ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔

جاوید ہاشمی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ رات ایک بجے پنجاب پولیس کے بیسیوں اہلکاروں نے مخدوم رشید کے علاقے میں میری رہائش گاہ کا محاصرہ کیا اور غیرقانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے وارنٹ کے بغیر اندر داخل ہوگئے۔ انہوں نے لکھا کہ میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیرقانونی طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی، خواتین پر بھی تشدد کیا۔ جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن میں پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی اور زین قریشی کو بھی شرکت کرنا تھی۔ جاوید ہاشمی نے اپنی پوسٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی مبینہ توڑ پھوڑ کی تصاویر بھی شیئر کیں۔