آر پی او راولپنڈی سید خرم علی 15 دن کی چھٹی پر بیرون ملک چلے گئے، سوشل میڈیا پر افواہیں گرم

news-details

راولپنڈی : (اتوار:18  فروری  2024ء)  سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کی پریس کانفرنس کے بعد ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی سید خرم علی پندرہ دن کی چھٹی پر بیرون ملک چلے گئے۔ ان کے فیملی سمیت برطانیہ روانہ ہونے کی اطلاعات ہیں اور وہ 2 مارچ کو واپس آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں آر پی او کی شرکت کا بھی بتایا گیا تھا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آر پی او سید خرم علی 16 فروری کو ہی رخصت پر چلے گئے ہیں، گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں آر پی او کا نام شامل ہونے پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آر پی او سید خرم علی فیملی کے ہمراہ برطانیہ گئے ہیں دو مارچ کو واپسی ہے، انہوں نے انتخابات سے قبل چھٹی کی درخواست دی تھی۔ اس حوالے سے آر پی او آفس راولپنڈی کے حکام کا رابطے پر کہنا تھا کہ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے الیکشن سے پہلے ہی ایکس پاکستان لیو اپلائی کررکھی تھی لیکن انھیں فوری چھٹی نہیں ملی اور الیکشن کے بعد کی رخصت منظور کی گئیں۔