لاہور:(بدھ:21 فروری 2024ء) وفاقی حکومت نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کینسر، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک دواؤں کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔
قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست محمد اسلم نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے نگران حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی سیکشن ڈرگ ایکٹ سے نکال رہی ہے، نگران حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں، عوامی اور جمہوری حکومت آنے والی ہے یہ اقدام وہ کر سکتی ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ موجودہ نوٹیفکیشن آئین اور قانون کے منافی ہے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے۔ حکومت نے گزشتہ روز ادویات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرکے فارماسوٹیکل کمپنیوں کو قیمتیں از خود بڑھانے کی اجازت دی تھی۔