مری میں برف باری سے موسم شدید سرد ہوگیا،محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا

news-details

کراچی: (ھفتہ:24 فروری  2024ء)  ملکہ کوہسار مری میں برف باری سے موسم شدید سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات نے پیر سے پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا محکمہ موسمیات کی جانب سے مری میں آج برف باری کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی تھی اس کے باوجود دن کے وقت مری میں برفباری شروع ہوگئی جس سے موسم شدید سرد ہوگیا۔

بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں بارش اور چند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وسطی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خوشاب، سرگودھا، نورپورتھل، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس دوران وسطی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے.سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کالام منفی تیرہ، استور منفی نو،اسکردومنفی سات ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گوپس، ہنزہ، مالم جبہ میں منفی پانچ، بگروٹ اورکوئٹہ میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں دس، کراچی میں پندرہ اور پشاور میں چھ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔