شادی سے انکار پر بھارتی کاروباری خاتون نے ٹی وی اینکر کو اغواءکر لیا

news-details

حیدرآباد: (ھفتہ:24 فروری  2024ء)  شادی سے انکار کرنے پر  کاروباری خاتون نے  ٹی وی اینکر کو اغوا کر لیا ، واردات بھی ایسے سر انجام دی کہ بڑے بڑے کریمنلز بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک کاروباری خاتون نے ٹی وی اینکر کو اغوا کرلیا,پولیس کا کہنا ہے کہ کاروبار کرنے والی ایک خاتون نے بات چیت اور شادی کرنے سے انکارپر مقامی میوزک چینل کے اینکر کو اغوا کروالیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے رشتہ کرانے والی ایک ویب سائٹ پر ٹی وی اینکر کی تصویر اور پروفائل دیکھ کر ان سے بات چیت شروع کی اور کچھ دنوں بعد خاتون نے اینکر سے شادی کی خواہش ظاہر کردی۔

پولیس کے مطابق جب خاتون نے ٹی وی اینکر کو واٹس ایپ پر مسیجز کیے تو انہوں نے بتایا کہ رشتہ کرانے والی ویب سائٹ پر ان کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنایا گیا ہے جس کے خلاف وہ قانونی کارروائی کررہے ہیں۔ خاتون کے شادی کے لیے دباؤ ڈالنے پر ٹی وی اینکر نے ان کا نمبر بلاک کردیا جس پر خاتون نے اینکر کا پیچھا کرنا شروع کردیا اور ٹریکنگ سسٹم سے لوکیشن کا پتا کرکے کرائے کے غنڈوں کو پیسے دے کر انہیں اغوا کروا کے اپنے دفتر بلوالیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹی وی اینکر نے خاتون کو یقین دہانی کروائی کہ وہ نہ صرف ان سے رابطہ رکھے گا بلکہ شادی کرے جس کے بعد خاتون نے انہیں رہا کردیا۔ رہائی کے بعد ٹی وی اینکر نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا جس پرخاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔