پاکستان کے عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے طوفان میں ہیں، سب جماعتوں نے مل بیٹھ کرفیصلے کرنے ہیں:بلاول بھٹو

news-details

اسلام آباد: (پير:04 مارچ 2024ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام چاہتےتو کسی ایک جماعت کومینڈیٹ دے سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا مینڈیٹ دیا کہ اب سب جماعتوں نے مل بیٹھ کر فیصلے کرنے ہیں ۔ بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں، اس معاملے کی وجہ سے صدارتی الیکشن کو بلاوجہ متنازع کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو نے محمود اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل بھی کردی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اپنے خاندان کی تیسری نسل کا نمائندہ ہوں جو اس ایوان میں دوسری بار منتخب ہوا ہوں، اس عمارت کا جو بنیادی پتھر ہے وہ ذوالفقار علی بھٹو نے لگایا تھا، یہ قومی اسمبلی کسی ایک کی نہیں سب کی ہے، قومی اسمبلی کا ایوان ہم سب کا ہے، جب ہم قومی اسمبلی کو کمزور کرتےہیں تو وفاق، جمہوریت کو کمزور کرتے ہیں، ہمیں اس نظام کو کمزور نہیں مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہے، بزرگوں سے درخواست ہے کہ ایسےفیصلے کریں جس سے پارلیمان مضبوط ہو۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم اس جمہوری ادارے کو طاقتور بنائیں گے، ایسے فیصلے لیں گے جس سے نوجوانوں کا مستقبل بہتر ہو، یہ ایوان تمام اداروں کی ماں ہے، پاکستان کے عوام مہنگائی ،بیروزگاری اور غربت کے طوفان میں ہیں، عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ ہم انہیں مشکلات سے نکالیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کل بہت افسوس ہورہا تھا، کل دونوں سائیڈز کی تقاریر کے دوران ممبران احتجاج کے نام پر گالیاں دے رہے تھے، بانی پی ٹی آئی نے جو روایت ڈالی تھی اس کو برقرار نہیں رکھنا چاہیے، قومی اسمبلی میں تمام تقریریں سرکاری ٹی وی پر لائیو دکھائی جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کہہ رہے ہیں کہ ان کی تقریر پی ٹی وی پر نہیں دکھائی گئی، یہ روایت خان صاحب نے ڈالی تھی، ہمیں یہ برقرار نہیں رکھنی چاہیے تاکہ جب اگلے ممبرز آئیں تو وہ ہمیں دعائیں دیں نہ کہ گالیاں دیں۔ بلاول بھٹو نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے  کہا کہ عوام نے الیکشن میں بتایا کہ وہ ہماری آپس کی لڑائی سے تنگ آگئے ہیں، اب ہمیں آپس میں بات کرنی ہوگی، عوام نے ہمیں گالیاں دینے نہیں بلکہ مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ شہباز شریف کو وزیراعظم نہیں مانتے تو ان کی پالیسی پر آپ تنقید نہیں کرسکتے ہیں، وزیراعظم نے جو نکات کل اٹھائے ان پر عمل کرکے بحران سےنکل سکتے ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے بتایا کہ ہمیں عدالتی اور الیکشن سے متعلق اصلاحات کرنے ہوں گے، عدالتی، الیکشن ریفارمز پر اپوزیشن بھی ہمارا ساتھ دے، اگر ہم نے مل کر یہ اصلاحات کرلیں گے تو کوئی جمہوریت کو کمزور نہیں کرسکتا، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا الیکشن ہو جہاں وزیراعظم کے مینڈیٹ پر کوئی شکوک نہ ہو، ہم چاہتے ہیں شہباز شریف جیتیں یا قیدی نمبر 804 الیکشن جیتے لیکن کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں ملک کا وزیرخارجہ ہوں، جانتا ہوں سائفر کیا ہوتا ہے، اس سائفر کی ہر کاپی کاؤنٹ ہوتی ہے صرف ایک کاپی ہم گن نہیں سکے وہ وزیر اعظم کے آفس میں تھی، بانی پی ٹی آئی  نے خود مانا کہ انہوں نے ایک خفیہ دستاویزگم کردی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسے میں ایسے لہرانے کی بات نہیں تھی، یہ آڈیو لیک کی بھی بات نہیں ہے، میرے نزدیک مسئلہ یہاں شروع ہوتا کہ جب بانی پی ٹی آئی  کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اگلے دن گرفتاری کے بعد وہ سائفر ایک غیر ملکی جریدے میں چھپ جاتا ہے،  ہم جانتے ہیں کہ جان بوجھ کے کسی نے اس سائفر کو سیاست کے لیے انٹرنیشنل جریدے میں چھپوایا تاکہ کیسز کو متنازع بنایا جائے۔