چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

news-details

لاہور: (پير:04 مارچ 2024ء)  چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست مقامی شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر کی، لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں صادق سنجرانی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

شہری کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا، انہوں نے الیکشن جیتا اور الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ صادق سنجرانی بیک وقت 2 سیٹیں نہیں رکھ سکتے، وہ غیر قانونی طور پر چیئرمین سینیٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ مقامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن صادق سنجرانی کی بطور سینیٹر نشست خالی قرار دینے کا حکم دے۔ درخواست میں عدالت سے مزید استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینیٹ کام کرنے سے بھی روکے۔