سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی،ملکی تاریخ میں پہلی بار 100 انڈیکس 71 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا

news-details

کراچی: (منگل:16 اپريل2024ء) سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج پہلی بار 71 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، 495 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 71 ہزار 038 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

حصص بازار میں منگل کے روز 100 انڈیکس میں 548 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 71092 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مثبت بات چیت اور سعودی عرب کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں پیش رفت کے دوران سرمایہ کاروں کا مارکیٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے نئے ریکاردز قائم ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 229 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 70 ہزار 544 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 28 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 40 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔