امریکا اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کسی غیر ملکی حکومت کو اڈے فراہم نہیں کرے گا: دفتر خارجہ

news-details

اسلام آباد: (جمعرات:02  مئی2024ء)  دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی غیر ملکی حکومت کو اڈے فراہم نہیں کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے ساتھ قومی مفاد میں اپنے تعلقات کو بڑھائیں گے، پاکستان، چین اور ایران سہ فریقی مذاکرات اہم ہیں، ابھی تک ان مذاکرات کی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہیں، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے رابطے جاری رکھیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارتی نیٹ ورک کئی دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں متحرک تھا، بھارتی ماورائے عدالت قتل نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، پاکستان نے بھارتی ایجنٹس کے حملوں کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، بھارتی عمل غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھارت کو اس کے اقدامات پر کٹہرے میں لائے، فروری 2019 میں تاریخ نے خود کو دہرایا، بھارتی قیادت سیاسی مقاصد کیلئے بیان دیتی ہے، بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر تبصرہ نہیں کروں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور عوام ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور ناکہ بندی قابل مذمت ہے، پاکستان اسرائیل کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور غیر قانونی آباد کاری کی مذمت کرتا ہے، پاکستان فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔