دیامر: مسافر بس کھائی میں گرنے سے 20 مسافر جاں بحق، 22 زخمی

news-details

گلگت: (جمعہ: 3 مئی 2024ء) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 20 افراد جاں بحق، 22 شدید زخمی ہو گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق بس کو حادثہ چلاس کے علاقے شاہراہ قراقرم پر یشوکھل داس کے مقام پر پیش آیا جہاں راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اچانک کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 20 کے قریب مسافر دم توڑ گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔