وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان اسمبلی کی ملاقات، مہنگائی میں کمی پر خراج تحسین

news-details

لاہور: (منگل: 28مئی 2024ء)  وزیراعلیٰ مریم نواز کو ارکان پنجاب اسمبلی نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی پر خراج تحسین پیش کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور عوامی مسائل، ان کے حل کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں، ارکان اسمبلی نے روٹی اور دیگر اشیائے خورونوش کے نرخوں میں کمی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔

ارکان پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پونے تین ماہ میں روٹی اور دیگر اشیاء کے نرخوں میں کمی ایک ریکارڈ ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اشیائے خورونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے، پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لا رہے ہیں، گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے اب ڈائریکٹ کسان کوسبسڈی دیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اور ٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے، پرائس کنٹرول اور دیگر امور کیلئے الگ سسٹم بنا رہے ہیں، شہروں میں ہائبرڈ بسیں لارہے ہیں اور نوجوانوں کو موٹر سائیکل دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آتی ہے، کچھ لوگ کہتے تھے ہم آلو پیاز کی قیمتیں کم کرنے کیلئے حکومت میں نہیں آئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دو سے چار مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرضے کی تجویز زیر غور ہے، بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے، دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں، نواز شریف آئی ٹی سٹی کیلئے چین سمیت دیگر ممالک رابطے کررہے ہیں۔