ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا:روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج نیویارک میں آمنے سامنے آئیں گے

news-details

نیویارک: (اتوار: 09 جون 2024ء) آئی سی سی ورلڈ کپ 2024ء کے سب سے بڑے ٹاکرے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کریں گی۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا، امریکا سے شکست کے بعد قومی ٹیم پر کافی دباؤ ہے، پاکستان کو میگا ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے بھارت کو ہر صورت ہرانا ہو گا، آج کا میچ ہارنے کی صورت میں گرین شرٹس کا سپر 8 کا سفر مشکل ہو جائے گا۔ بڑے میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی اور میدان میں اپنا خون گرمایا، کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کی گئیں، آج ہونے والے اہم میچ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اعظم خان کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔

نیویارک سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کیلئے ابھی پلیئنگ الیون کو فائنل نہیں کیا، البتہ پاکستانی کرکٹرز بہت باصلاحیت ہیں اور انہوں نے بھارت کیخلاف جیت پر فوکس کیا ہوا ہے، گزشتہ میچ میں کی جانے والی غلطیوں پر لڑکوں نے کام کیا ہے اور امید ہے وہ دوبارہ نہیں ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ایک نیا میچ ہے اور ہم اچھی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، میچ میں فتح حاصل کرنے کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ بہت اہم ہے، کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں بلکہ جیت کیلئے پوری ٹیم کو جان مارنی ہوگی۔