امریکا، بھارت کیخلاف شکست!قومی ٹیم کیخلاف غداری کا مقدمہ درج

news-details

گوجرانوالہ : (بدھ: 12 جون 2024ء) آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا اور بھارت کیخلاف میچ میں شکست پر عدالت میں پٹیشن دائر کردی گئی۔ گوجرانوالہ کے ایک وکیل کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج تمثال زیب نعیم کی عدالت میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کپتان بابراعظم اور دیگر ٹیم اراکین کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔

درخواست میں ٹیم مینیجر، کوچ اور چیف سلیکٹر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ایس ایچ او تھانہ سے 21 جون تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پٹیشن میں کپتان بابراعظم سمیت تمام کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور کوچ کو فریق بنایا گیا ہے، پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ ٹیم نے مایوس کن کارکردگی دکھائی جوصرف پیسے کا ضیاع ہے۔ پٹیشن میں کہا گیا کہ قوم کے کروڑوں روپے اور وقارکو داؤ پرلگا دیا گیا ہے، مزید کہا گیا کہ کھلاڑی، ٹیم مینجمنٹ سب پیسے کیلئے کام کرتے ہیں ملک کے لیے نہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے ابتدائی 2 مقابلوں میں قومی ٹیم کو امریکا اور بھارت کیخلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، جس کے باعث پاکستانی ٹیم سپر 8 راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پاکستان کو امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں 5 رنز جبکہ بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔