حیدرآباد:(جمعرات: 09 اکتوبر 2025) میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری شہید صحافی طفیل رند اور شہید صحافی امتیاز میر کے قتل کے خلاف حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے احتجاجی ریلی نکال کر سخت نعرہ بازی کی گئی۔
حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی کال پر شہید صحافی طفیل رند اور شہید صحافی امتیاز میر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حیدرآباد سمیت ریجن کے چھوٹے بڑے شہروں میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے جبکہ مرکزی احتجاج حیدرآباد پریس کلب سے ریڈیو پاکستان چوک تک ریلی نکال کر کیا گیا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے ممبر ایف ای سی اقبال ملاح، صدر ایچ یو جے محمد وسیم خان، جنرل سیکریٹری ایچ یو جے جام فرید لاکھو اور ایچ آر سی پی کی ریجنل کوآرڈیٹر غفرانہ آرائیں نے کہا کہ دو ہفتوں کے دوران سندھ میں دو صحافیوں کا قتل قابل فکر بات ہے، ملک بھر خصوصاً سندھ میں صحافی غیر محفوظ ہوکر رہ گئے ہیں، میرپور ماتھیلو میں شہید صحافی طفیل رند اور کراچی میں شہید صحافی امتیاز میر کو سرعام گولیاں ماری گئیں لیکن حکومت ابھی تک ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں شہید صحافیوں کے قاتلوں کو فوری طور گرفتار نہیں کیا گیا تو سی ایم ہاؤس سے لیکر پارلمینٹ تک احتجاج کیا جائے گا۔