منی لانڈرنگ کیس: بیکنگ کورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم 10 مارچ تک مؤخر کر دی

news-details

لاہور:(پیر 28 فروری 2022ع) بیکنگ کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم 10 مارچ تک مؤخر کر دی۔ عدالت نے لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع کر دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ ملزمان کے وکلاء نے استدعا کی کہ عدالت میں وکلاء کی ہڑتال ہے، آج دلائل نہیں دے سکتے۔ حمزہ شہباز کی جانب سے سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے وکالت نامہ جمع کروا دیا۔
ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو صاف کاپیاں فراہم کر دی ہیں، ملزمان بلاوجہ کیس التوا کا شکار کر رہے ہیں، قانون میں لکھا ہوا ہے کہ جب کاپیاں فراہم کر دی جائیں تو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت کو اب لانگ مارچ اور دھرنے نظر آرہے ہیں، ذاتی اناء کی وجہ سے ایف آئی اے نے دوبارہ یہ کیس تیار کیا۔ اس پر ایف آئی اے پراسکیوٹر نے کہا کہ یہ اناء کا مسئلہ نہیں بلکہ قانون کہتا ہے کہ جلدی ٹرائل کیا جائے۔