بدین: ایل بی او ڈی سیم نالا اوور فلو ہونے سے پنگریو اور جھڈو شہر ڈوبنے کا خدشہ ،متاثرین تاحال امداد کے منتظر

news-details

بدین: (منگل: 30 اگست 2022) ضلع بدین کا علاقہ پنگریو تاحال برسات کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، جہاں ایل بی او ڈی سیم نالا اوور فلو ہونے سے پنگریو اور جھڈو شہر ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے ضلع بدین میں ٹنڈو باگو کا شہر پنگریو تاحال برساتی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، جہاں ایل بی او ڈی سیم نالے کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پانی کی سطح بلند ہونے پر علاقہ مکینوں میں خوف کی فضا برقرار ہے، جب کہ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایل بی او ڈی بند کمزور ہے اور یہ کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے، جس نقصان کا اندیشہ ہے۔
بدین سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی بخش شاہ کا کہنا ہے کہ 4 ہزار کیوسک کی گنجائش ہے، جب کہ منگل کی صبح تک پانی 25 ہزار کیوسک کا گزر رہا ہے۔ علاقے میں تقریباً ساڑھے 3 لاکھ کی آبادی موجود ہے، اور بند ٹوٹنے سے متاثرہ ہونے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کچے کے علاقے میں بند کو مضبوط کرنے کیلئے منگل 30 اگست کو کام شروع کیا گیا ہے، تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ عارضی حال ہے۔