پی ٹی آئی احتجاج: راولپنڈی میں راستوں اور تعلیمی اداروں کی بندش پر عدالت کا سخت برہمی کا اظہار

news-details

راولپنڈی: (جمعہ : 11نومبر2022ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہر میں سڑکیں بند، عوام خوار اور انتظامیہ سوتی رہی۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ راولپنڈی کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے احتجاج راستوں اور تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر لاھور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سماعت کی۔
کمشنر راولپنڈی، ڈی سی راولپنڈی، ایس ایس پی آپریشن عدالت میں پیش ہوئے، راستوں اور تعلیمی اداروں کی بندش پر لاہور ہائی کورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کمشنر راولپنڈی سے استفسار کیا کہ آپ راستے بند کرنے والوں کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں، تحریری طور پر بیان حلفی جمع کروائیں کہ راستے بند کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرینگے، راستے بند کئے گئے آپ نے کارروائی کیوں نہیں کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ دفاتر میں بیٹھے رہے اور عوام سڑکوں پر خوار ہوتے رہے، شہر میں سڑکیں بند رہیں اور انتظامیہ سوتی رہی، پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راستوں کو بند کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف روزی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے آئندہ سماعت پر ذمہ دارران کے خلاف کارروائی اور مکمل رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی ہے.