بھارت میں 12 کلو کا سموسہ آدھے گھنٹے میں کھائیں اور ڈھائی لاکھ انعام پائیں

news-details

گجرات : (بدھ: 21 جون 2023ء) بھارت میں 12 کلو وزنی سموسہ کھانے کے چیلنج کو پورا کرنے  والوں کو ڈھائی لاکھ کا نقد انعام دیا جائے گا۔ بھارتی ریاست گجرات کے باسیوں کو  ایک منفرد چیلنج  دیا جارہا ہے جو سموسے  کھانا ہے،سننے میں تو یقیناً آپ کو  بہت آسان لگ رہا ہو گا کہ ایک سموسمہ ہی تو کھانا ہے لیکن جس سموسے کا چیلنج دیا گیا ہے وہ کوئی عام سموسہ نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شبھم کوشل نامی  شخص نے 12 کلو وزنی سموسہ تیار کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ شبھم کوشل سالگرہ کے موقع پر  کیک کاٹنے کی روایت کو بدلنا چاہتے تھے اسی  لیے انہوں نے 12 کلو کا وزنی سموسہ تیار کیا ہے۔ سموسے کو تیار کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں ہے اسے تیار کرنے میں 6 گھنٹے کا وقت لگتا ہے اور اسے تلنے میں 90 منٹس لگتے ہیں۔ جب کہ اس سموسے کو تیار کرنے میں تین  باورچی  اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہیں۔

اس  سموسے  کے اجزا بھی عام سموسے سے مختلف  ہیں، اس سموسے کی بھرائی میں  آلو، مٹر، پنیر اور مرچ مصالحوں کے علاوہ خشک میوہ جات بھی ڈالے جاتے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ نہ صرف علاقے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس سموسے کی دھوم ہے جس کیلئے بھارت کے مختلف حصوں سے آرڈر آتے ہیں، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ایڈوانس بکنگ بھی کی جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سموسے کی قیمت 1500 روپے ہے جس کے لیے شبھم کوشل کو ابھی تک  40 سے  50 آرڈر مل چکے ہیں۔