سینئر سیاستدان افضل حسین تارڑ انتقال کرگئے،وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کا تعزیت کا اظہار

news-details

اسلام آباد: (اتوار:28 اپريل2024ء) مسلم لیگ ن کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کے والد اور سینئر ساستدان افضل حسین تارڑ انتقال کر گئے۔ سینئر سیاستدان افضل تارڑ حرکت قلب بند ہونے سے آج انتقال کرگئے۔ افضل تارڑ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رہ چکے ہیں اور ماضی میں دو بار رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سینئر سیاستدان افضل تارڑ کی وفات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی، مرحوم کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کولو تارڑ میں ادا کی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک وقوم، پارٹی اور علاقے کے لئے اُن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے بھی پارٹی رہنما افضل تارڑ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افضل تارڑ صاحب کی کمی پوری نہیں ہوسکے گی، مریم اورنگزیب نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افضل حسین تارڑ کی وفات پر سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبرجمیل کی دعا کی،انہوں نے کہا افضل حسین تارڑ کی وفات پارٹی کا بہت بڑا نقصان ہے۔ افضل تارڑ نہایت زیرک سیاستدان، ہمیشہ دانائی کا مشورہ دینے والے وفادار بھائی تھے،افضل حسین تارڑ نہایت کھرے اور مخلوق خدا کی خدمت کرنے والے شخص تھے۔