سيبس یونیورسٹی جامشورو میں سندھ ہيک کے تعاون سے اساتذہ کی تربیت کے لیے ایک تربيتی پروگرام کا آغاز

news-details

جامشورو (پ ۔ر) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو نے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت کے ذریعے اپنی فیکلٹی کی تدریسی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک تربيتی پروگرام کا آغاز کیا۔ تربیتی پروگرام کا انعقاد سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

تربیت کے دوران سيبس یونیورسٹی کے تمام فیکلٹی ممبران کو ایک ایسے فریم ورک کے لیے تربیت دی جائے گی جو سیکھنے کے موثر تجربات کو ڈیزائن کرنے کے لیے اہم ہے۔ افیکٹیو ڈومین اور سائیکوموٹر ڈومین پر سیشن مختلف یونیورسٹیوں کے اعلیٰ تعلیم یافتہ ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے مہارت کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے تاکہ سیکھنے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جامع تربيت فراہم کی جا سکے۔ فیکلٹی ممبران کو پالیسی سازی، تدریسی طریقہ کار، تشخیص، کمیونیکیشن سکلز، تعلیمی ٹیکنالوجیز، تحقیق، طلبہ کی کونسلنگ، اخلاقیات اور پیشہ ورانہ مہارت کے حوالے سے بھی تربیت دی جائے گی۔

پروگرام میں تمام فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز کی پرجوش شرکت کا مشاہدہ کیا گیا، جنهوں نے مسلسل سیکھنے اور ترقی کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کے اجتماعی عزم کو اجاگر کیا۔ تربیتی پروگرام نو روز تک جاری رہے گا۔